"وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ نے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے اور پاکستان نیپال کے عوام کے غم میں برابر کا شریک ہے۔”
سینیٹر رانا ثناءاللہ کا براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعہ پر اظہار افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناءاللہ نے براڈپیک پربرفانی تودہ گرنے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ پیک سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان نیپال کے عوام کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
ہفتہ کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ قراقرم پہاڑی سلسلے میں واقع براڈ پیک پر ایک بین الاقوامی کوہ پیمائی مہم کے دس ارکان برفانی تودہ گرنے کی زد میں آ گئے،اس ٹیم میں مجموعی طور پر دس بین الاقوامی کوہ پیما شامل تھے جن میں چھ نیپالی اور اور دیگر ٹیم ممبرز میں پاکستان، امریکہ، چین اور عمان کے کوہ پیماشامل ہیں۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے براڈ پیک حادثے کے فوری بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو اعلیٰ ترین ترجیح دی،اب تک چار کوہ پیماؤں کی لاشیں مل چکی ہیں جن میں نیپالی کوہ پیما پور بہادر گورونگ بھی شامل ہیں،پاک فوج اور تمام متعلقہ سرکاری ادارے ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور ہر ممکن وسائل کے ساتھ امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتہائی خراب موسم اور دشوار گزار حالات کے باوجود لاپتہ نیپالی اور دیگر کوہ پیماؤں کی تلاش بلا تعطل جاری ہے،جی پی ایس ٹریکنگ، فضائی نگرانی اور زمینی سرچ کے ذریعے لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیپالی اور دیگر کوہ پیما اپنی مہارت اور عالمی کوہ پیمائی میں خدمات کے باعث پاکستان میں بے حد احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں،پاکستان لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش مکمل ہونے تک ہر ممکن تعاون اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔







