محرم الحرام کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے لاہور پولیس ہائی الرٹ ہے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
لاہور پولیس ہائی الرٹ، مجالس و جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات

مزید خبریں
لاہور۔22جون (اے پی پی):محرم الحرام کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے لاہور پولیس ہائی الرٹ ہے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے سوموار کو جاری بیان میں بتایا کہ شہر بھر میں 6محرم الحرام کو 416 مجالس اور 59 عزاداری جلوس منعقد ہو ئے۔ مجالس میں 51 اے کیٹیگری، 282 بی کیٹیگری اور 83 سی کیٹیگری کی مجالس شامل ہیں۔ امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے مطابق دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ اوقات، روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی مجلس یا جلوس کی اجازت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، پولیس کنٹرول رومز اور جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے مجالس اور جلوسوں کی چوبیس گھنٹے رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ڈویژنل ایس پیز امن کمیٹیوں کے اراکین، منتظمین اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قیامِ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سوشل میڈیا کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس سے بھی بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے، جبکہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔








