نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے بین الاقوامی موبائل ٹیلی کام فراڈ میں ملوث دو غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 مردوں اور 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
لاہور کے دو غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے، 12 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔6نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے بین الاقوامی موبائل ٹیلی کام فراڈ میں ملوث دو غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 مردوں اور 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیوں کے دوران 13 لیپ ٹاپ، 2 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور 13 موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 28 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کر لی گئیں۔ دونوں مقامات پر چھاپوں کی سربراہی اور نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے خود کی اور وہ ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کے لیے موقع پر بھی موجود تھے۔این سی سی آئی اے ٹیموں نے مصدقہ اطلاعات اور مجاز عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد باٹا پور میں قائم سلوشن ہب اور پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی، لاہور میں قائم ٹاسک ٹیکر نامی کال سینٹرز پر چھاپے مارے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کال سینٹرز کے ذریعے کینیڈا، امریکا اور دیگر ممالک کے شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ، نیٹ ورک پیکجز اور سم آفرز کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا تھا۔ ملزمان معروف ٹیلی کام کمپنیوں راجرز، بیل، ٹیلس اور اے ٹی اینڈ ٹی کے نمائندے ظاہر کرکے شہریوں سے مالی معلومات حاصل کرتے اور غیر قانونی مالی لین دین اور کارڈنگ فراڈ میں ملوث تھے۔







