لاہور ہائیکورٹ نے اندرون شہر بھاٹی گیٹ کی شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں مسمار کرنے سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے اندرون شہر بھاٹی گیٹ کی شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں مسمار کرنے سے روک دیا اور پیرا فورس و حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے اندرون شہر بھاٹی گیٹ کی شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں مسمار کرنے سے روک دیا اور پیرا فورس و حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس خالد اسحاق نے میاں وقار سعید سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر جمعہ کوسماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیرا فورس اور اسسٹنٹ کمشنر نے شیخ ہندی مارکیٹ کی دکانیں گرانے کے لیے دکانداروں کو بغیر کسی تحریری نوٹس کے صرف زبانی طور پر دکانیں خالی کرنے کا حکم دیا، جو غیرقانونی ہے۔ متعلقہ دکانیں ملکیتی اراضی پر قائم ہیں اور دکاندار گزشتہ تین دہائیوں سے وہاں کاروبار کر رہے ہیں۔ استدعا کی گئی کہ عدالت دکانوں کو مسمار کرنے اور سیل کرنے سے روکے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد دکانیں مسمار کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے پیرا فورس اور حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔