لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے دوران شہریوں کی اموات و زخمی ہونے کے معاملے پر رپورٹ طلب کرلی

لاہور۔17فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے دوران 6 اموات اور 124 شہریوں کے زخمی ہونے کے معاملے پر ذمہ دار افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کے لیے دائر درخواست پر بسنت کے موقع پر جاں بحق افراد سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔جسٹس ملک اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے …

لاہور۔17فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے دوران 6 اموات اور 124 شہریوں کے زخمی ہونے کے معاملے پر ذمہ دار افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کے لیے دائر درخواست پر بسنت کے موقع پر جاں بحق افراد سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔جسٹس ملک اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے زخمیوں اور مالی نقصان سے متعلق رپورٹ جمع کروائی ۔ درخواست گزار کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کے اعداد و شمار کے تحت بسنت کے موقع پر 6 شہری جاں بحق اور 124 شہری زخمی ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بسنت کے دوران چھتوں سے گرنے اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھنے کے واقعات میں درجنوں بچے زخمی ہوئے جبکہ قاتل ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کو بھی مکمل طور پر نہ روکا جا سکا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غفلت کے مرتکب متعلقہ افسران کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی کا حکم دیا جائے، بسنت سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے اور قاتل ڈور کی تیاری، ترسیل، فروخت اور استعمال پر عائد پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔