لسبیلہ ڈویژن میں BSID انیشیٹو کےتحت فیز ٹو کے 8 منصوبے، فیز تھری میں 13 منصوبے شامل ہیں ،کمشنر لسبیلہ

کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کور کمانڈر بلوچستان کی خصوصی دلچسپی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی رہنمائی میں BSID انیشیٹو کے تحت لسبیلہ ڈویژن میں ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے ۔

کوئٹہ۔ 24 اگست (اے پی پی):کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کور کمانڈر بلوچستان کی خصوصی دلچسپی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی رہنمائی میں BSID انیشیٹو کے تحت لسبیلہ ڈویژن میں ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر لسبیلہ ڈویژن نےکہا کہ BSID انیشیٹو کے فیز ٹو کے تقریباً 8 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، جبکہ اب فیز تھری میں مزید 13 منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن پر مرحلہ وار پیش رفت جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے لسبیلہ ڈویژن میں سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، عوامی سہولیات اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔

سائرہ عطاء بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، جبکہ کور کمانڈر بلوچستان کی خصوصی دلچسپی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی موثر نگرانی کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کے عمل میں مزید بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر BSID انیشیٹو کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ فیز تھری کے 13 منصوبوں کی شمولیت سے ڈویژن میں ترقیاتی سرگرمیوں کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگا، جس سے نہ صرف بنیادی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کی پالیسیوں کے مطابق لسبیلہ ڈویژن میں پائیدار ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔