لندن ، ہیتھرو ایئرپورٹ سے 2025 کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد 8 کروڑ 40 لاکھ رہی ،نئے رن وے کی تعمیر بھی شروع

لندن۔13جنوری (اے پی پی):لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے 2025 کے دوران 8 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے، اب یہاں ایک نئی رن وے کی تعمیر سمیت وسیع پیمانے پر توسیعی منصوبے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اردو نیوز نے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 8 …

لندن۔13جنوری (اے پی پی):لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے 2025 کے دوران 8 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے، اب یہاں ایک نئی رن وے کی تعمیر سمیت وسیع پیمانے پر توسیعی منصوبے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اردو نیوز نے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 8 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مسافروں نے اس برطانوی ہوائی اڈے کا رخ کیا جو کہ اس کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ ہیتھرو جو 2024 میں مسافروں کے لحاظ سے یورپ کا مصروف ترین ایئرپورٹ رہا اب ایک نئی رن وے پر کام شروع کر رہا ہے جس کا مقصد برطانیہ کے لیے تجارت اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولنا ہے۔

ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو تھامس وولڈ بائی کا کہنا ہے کہ یہ توسیع ملک کے دیگر حصوں اور دنیا کے ساتھ رابطوں کو مزید مستحکم کرے گی۔ ہیتھرو کے حکام نے بتایا کہ صرف دسمبر میں قریباً 72 لاکھ مسافروں نے یہاں سے سفر کیا جو کسی بھی سال کے آخری مہینے میں مسافروں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔برطانوی حکومت کی جانب سے برسوں کی قانونی پیچیدگیوں کے بعد منظوری ملنے پر اگست میں ایئرپورٹ انتظامیہ نے 49 ارب پاؤنڈ (66 ارب ڈالر) کے بھاری سرمایہ کاری کے منصوبے کا آغاز کیا جس میں تیسری رن وے کی تعمیر بھی شامل ہے ،اس کے بعد ایئرپورٹ کی سالانہ گنجائش 15 کروڑ مسافروں تک پہنچ جائے گی۔

یورپ میں اس طرح کی توسیع کو ایک غیرمعمولی قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ایک طرف کئی یورپی ممالک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تو دوسری طرف کووڈ کے دور کے بعد سے ہوائی سفر کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنا بھی ایک سٹرٹیجک ضرورت بن چکا ہے۔اس منصوبے کے تحت نئی رن وے پر 21 ارب پاؤنڈ لاگت آئے گی اور توقع ہے کہ یہاں سے پروازیں ایک دہائی کے اندر اڑان بھرنا شروع کر دیں گی جبکہ بقیہ نجی سرمایہ کاری ایئرپورٹ کو جدید بنانے اور دیگر سہولیات کی توسیع پر خرچ کی جائے گی۔