لندن میراتھن کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ 2027 میں یہ عالمی شہرت یافتہ دوڑ خصوصی طور پر 2 روز تک جاری رہے گی، جس کے تحت 24 اور 25 اپریل کو مجموعی طور پر 100,000 شرکا کو حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
لندن میراتھن 2027 میں پہلی بار 2 روزہ ایونٹ کے طور پر منعقد ہوگی

مزید خبریں
لندن۔19جون (اے پی پی):لندن میراتھن کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ 2027 میں یہ عالمی شہرت یافتہ دوڑ خصوصی طور پر 2 روز تک جاری رہے گی، جس کے تحت 24 اور 25 اپریل کو مجموعی طور پر 100,000 شرکا کو حصہ لینے کا موقع ملے گا۔بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب 2027 کی لندن میراتھن میں شرکت کے لئے ریکارڈ 1,338,544 درخواستیں موصول ہوئیں، جو گزشتہ ریکارڈ 1,133,813 درخواستوں سے بھی زیادہ ہیں۔ نئے فارمیٹ کے تحت شرکا کے انتخاب کے امکانات تقریباً دوگنا ہو جائیں گے۔
لندن میراتھن ایونٹس کے چیف ایگزیکٹو ہیو براشر کے مطابق 2 روزہ میراتھن سے خیراتی اداروں کے لئے 150 ملین پاؤنڈ سے زائد فنڈز جمع ہونے کی توقع ہے، جبکہ برطانیہ کی معیشت کو 400 ملین پاؤنڈ کا سماجی اور معاشی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ لندن میراتھن کی تاریخ میں ایک منفرد اور غیر معمولی قدم ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد، خیراتی اداروں اور مقامی برادریوں کو اس عالمی ایونٹ کا حصہ بنانا ہے۔لندن کے میئر صادق خان نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ لندن دنیا کا کھیلوں کا دارالحکومت ہے اور 2027 میں ایک سال کے لئے میراتھن کا 2 روزہ انعقاد شہر کے لئے اعزاز کی بات ہے۔
منتظمین کے مطابق تمام 100,000 شرکا روایتی راستے پر دوڑیں گے، جو گرین وچ سے شروع ہو کر ویسٹ منسٹر پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ 20,000 سے زائد بچوں کی شرکت کے ساتھ منی لندن میراتھن 23 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔لندن میراتھن 2026 میں 59,830 رنرز نے دوڑ مکمل کی تھی، جبکہ شرکا نے خیراتی مقاصد کے لیے 90 ملین پاؤنڈ سے زائد رقم جمع کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔








