ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ایبٹ آباد اور ٹی ایم اے کا نیو سبزی منڈی سلہڈ میں قائم عارضی و پختہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ایبٹ آباد اور ٹی ایم اے کا نیو سبزی منڈی سلہڈ میں قائم عارضی و پختہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

ایبٹ آباد۔ 19 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد افراسیاب زبیر، تحصیل میونسپل آفیسر عرفان خان اور ٹی او آر عابد خان نے نیو سبزی منڈی سلہڈ میں تقریباً ساڑھے چار سے پانچ کنال سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی عارضی و پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ اس موقع پر ٹی ایم اے ایبٹ آباد کا انکروچمنٹ سٹاف اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔

آپریشن سے قبل قابضین کو متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کئے گئے اور انہیں رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کیلئے مناسب وقت بھی دیا گیا تاہم بارہا ہدایات کے باوجود عمل درآمد نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے ایبٹ آباد نے قانون کے مطابق تجاوزات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات ختم کیں۔ یاد رہے کہ یہ تجاوزات نہ صرف سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ کا سبب بن رہی تھیں بلکہ ڈی ایس ڈی ٹاسک سمیت مختلف سرکاری کارروائیوں میں بھی مسلسل رکاوٹ پیدا کر رہی تھیں جس پر کاروائی کرتے ہوئے قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرا لیا گیا ہے تاکہ عوامی مفاد، شہری سہولیات اور منڈی کے نظم و نسق کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے ایبٹ آباد کا واضح موقف ہے کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی، شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ، منظم اور کشادہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔