لندن۔19جنوری (اے پی پی):خواتین کے کلب فٹ بال کی تاریخ میں ایک نئے اور سنہری باب کا اضافہ کرتے ہوئے لندن میں فیفا ویمنز چیمپئنز کپ کی خوبصورت اور نئی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کر دی گئی ہے۔ اس بیش قیمت ٹرافی کو پہلی بار نمائش کے لیے لندن کے ایک سکول کے بچوں کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سکول کے طلبہ اپنے درمیان عالمی اعزاز کو دیکھ کر …
لندن میں فیفا ویمنز چیمپئنز کپ کی چمکتی دمکتی ٹرافی کی رونمائی: عالمی فٹ بال کے نئے دور کا آغاز

مزید خبریں
لندن۔19جنوری (اے پی پی):خواتین کے کلب فٹ بال کی تاریخ میں ایک نئے اور سنہری باب کا اضافہ کرتے ہوئے لندن میں فیفا ویمنز چیمپئنز کپ کی خوبصورت اور نئی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کر دی گئی ہے۔ اس بیش قیمت ٹرافی کو پہلی بار نمائش کے لیے لندن کے ایک سکول کے بچوں کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سکول کے طلبہ اپنے درمیان عالمی اعزاز کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہو گئے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اس وقت اس عالمی مقابلے کے آخری اور فیصلہ کن مرحلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب میں سابق انگلش فٹ بالر اور آرسنل کی لیجنڈ الیکس اسکاٹ (MBE) اور فیفا کی چیف فٹ بال آفیسر جل ایلس نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جل ایلس نے کہا کہ بچوں کے چہروں پر اس ٹرافی کو دیکھ کر جو جوش و خروش تھا، اسے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور سابق کوچ، میرا ماننا ہے کہ ہمیں نوجوان نسل کو کھیل کی اقدار اور اس کے سحر سے جوڑنے کے ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ ویمنز فٹ بال کے مستقبل کو مزید روشن بنایا جا سکے۔ٹورنامنٹ کی سفیر الیکس اسکاٹ نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں دنیا کے ہر براعظم کی چیمپئن ٹیموں کو ایک عالمی اسٹیج پر مقابلہ کرتے دیکھنا ایک خواب جیسا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ویمنز کلب فٹ بال کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے متاثر ہو کر نئی نسل بڑے خواب دیکھنے کے قابل ہو سکے گی۔ تقریب کے دوران بچوں نے آفیشل مرچنڈائز حاصل کیں اور سٹار کھلاڑیوں کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں بھی حصہ لیا۔ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق سیمی فائنلز 28 جنوری بروز بدھ برینٹ فورڈ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں امریکی کلب ’’گوتھم ایف سی‘‘ کا مقابلہ برازیلین کلب ’’کورینتھینز‘‘ سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ’’آرسنل ویمن‘‘ اور مراکش کی ‘‘ASFAR’’ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا بڑا فائنل اتوار یکم فروری کو آرسنل سٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں جیتنے والی ٹیم کو پہلی بار یہ عالمی تاج پہنایا جائے گا۔فیفا کی جانب سے تیار کردہ اس نئی ٹرافی کو خاص طور پر عالمی اتحاد اور معیار کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ٹرافی کے وسطی حصے کے گرد چھ نقشے بنائے گئے ہیں جو ٹورنامنٹ میں شریک ممالک کے براعظموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یہ ٹرافی نہ صرف ایک انعام ہے بلکہ خواتین کھلاڑیوں کی محنت اور بین الاقوامی سطح پر ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی علامت ہے۔ یکم فروری کو لندن کی فضاؤں میں پہلی بار یہ ٹرافی بلند کی جائے گی، جو خواتین کے عالمی فٹ بال کے ارتقا میں ایک یادگار لمحہ ہوگا۔








