لوسی ہیملٹن کی بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پہلی بار قومی سکواڈ میں طلبی

سڈنی۔29جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کی 19 سالہ باصلاحیت لیفٹ آرم فاسٹ بولر لوسی ہیملٹن کو بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ کے لیے پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر نکولا کیری نے 2022 کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپسی کی ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق الیسا ہیلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سوفی مولینوکس کو آسٹریلیا کی نئی آل …

سڈنی۔29جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کی 19 سالہ باصلاحیت لیفٹ آرم فاسٹ بولر لوسی ہیملٹن کو بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ کے لیے پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر نکولا کیری نے 2022 کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپسی کی ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق الیسا ہیلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سوفی مولینوکس کو آسٹریلیا کی نئی آل فارمیٹ کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ تاہم بھارت کے خلاف سیریز میں الیسا ہیلی آخری بار ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گی، جہاں مولینوکس نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ ایشلی گارڈنر کو تاہلیا میک گرا کے ساتھ نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

لوسی ہیملٹن نے حال ہی میں اختتام پذیر ویمنز بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برسبین ہیٹ کی جانب سے 9 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں ینگ گن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ گزشتہ سال انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم کی کپتان بھی رہ چکی ہیں۔نکولا کیری جنہوں نے 2023 میں قومی کنٹریکٹ لینے سے انکار کیا تھا، گھریلو کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ وہ 2023-24 میں پلیئر آف دی ایئر رہیں اور تسمانیہ کو پہلی بار 50 اوورز کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ 2025 ویمنز ہنڈرڈ کے فائنل میں پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائیں۔

دوسری جانب لیگ سپنر الانا کنگ (ٹی ٹونٹی) اور تجربہ کار فاسٹ بولر میگن شوٹ کو(ون ڈے)سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔سوفی مولینوکس کی تقرری پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ نے کہا کہ وہ ایک شاندار کھلاڑی اور قائد ہیں، جن کے پاس وسیع تجربہ اور کامیابیوں کا ذخیرہ ہے۔ قومی سلیکٹر شان فلیگلر کے مطابق مولینوکس کی قیادت، مزاج اور گھریلو سطح پر ثابت شدہ لیڈرشپ انہیں نئی نسل کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب بناتی ہے، تاہم ان کی انجری ہسٹری کے پیش نظر ان کے ورک لوڈ کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

بھارت کا دورۂ آسٹریلیا 15، 19 اور 21 فروری کو سڈنی، کینبرا اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تین ٹی ٹونٹی میچز سے شروع ہوگا۔ اس کے بعد 24 اور 27 فروری اور یکم مارچ کو برسبین اور گابا میں تین ون ڈے میچز ہوں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 6 مارچ سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں