لیبیا میں انتخابات کے انعقاد پر پیش رفت، وزیراعظم اور اقوامِ متحدہ کے نمائندے کی اہم ملاقات

لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے اقوامِ متحدہ کے نمائندے کے ساتھ ملاقات میں ملک میں طویل عرصے سے التوا کا شکار قومی انتخابات کے انعقاد کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔

طرابلس۔27اپریل (اے پی پی):لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے اقوامِ متحدہ کے نمائندے کے ساتھ ملاقات میں ملک میں طویل عرصے سے التوا کا شکار قومی انتخابات کے انعقاد کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔

شنہوا کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل کی خصوصی نمائندہ ہانا ٹیٹے نے وزیراعظم کو اقوامِ متحدہ کی حمایت سے تیار کردہ منصوبے پر بریفنگ دی، جس کا مقصد ریاستی اداروں کو یکجا کرنا اور براہِ راست انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ "منی ڈائیلاگ” اس روڈ میپ کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے، جس میں انتخابی قوانین کو حتمی شکل دینا اور ہائی نیشنل الیکشن کمیشن کے بورڈ کی تشکیل شامل ہے۔

وزیراعظم الدبیبہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت ایسے عملی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی جو ملک کو "سویلین ریاست” کی جانب لے جائیں، اور انتخابی قوانین کی تکمیل کے بعد فوری انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے نمائندے نے لیبیا کے مختلف فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے اور سیاسی عمل کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔