ڈپٹی کمشنر گلگت کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس

"ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی کے اقدامات اور مختلف محکموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔”

گلگت۔ 27 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی کے اقدامات اور مختلف محکموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت، ایگزیکٹو انجینئر واٹر اینڈ پاور گلگت، ایگزیکٹو انجینئر آپریشن، ایگزیکٹو انجینئر سول، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) گلگت، ایگزیکٹو انجینئر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ (LG&RD)، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ گلگت، اے او ڈی سی آفس،اے ڈی جی جی بی ڈی ایم اے گلگت سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لائی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں پانی، بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمیٹی ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایمرجنسی نوعیت کے تمام کاموں کو فوری طور پر مکمل کرے گی، جبکہ تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور بحالی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی اور جاری بحالی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر گلگت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے بین الادارہ تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔