"وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت وزارتِ خزانہ میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم اقتصادی اور مالیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔”
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، برآمدات کے فروغ کے لئے اہم اقدامات اور مختلف شعبوں سے متعلق پالیسی فیصلوں کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت پیر کو وزارتِ خزانہ میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔
ای سی سی نے وزارتِ خزانہ کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کرتے ہوئے برآمدات میں اضافے کے لئے تین خصوصی ایکسپورٹ فنانس سبسڈی سکیموں کی منظوری دے دی۔ ان میں ایگزم بینک کے تحت ایکسپورٹ فنانس سکیم میں توسیع، نئی لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ فیسلٹی کا اجرا، اور برآمدات میں اضافے پر کارکردگی سے مشروط ریبیٹ سکیم شامل ہیں۔یہ برآمدی پیکیج برآمدی و درآمدی شعبوں کے لئے کم شرح سود پر مالی معاونت فراہم کرے گا جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز ) کو خصوصی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ کمیٹی نے منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان سکیموں کے نتائج کا جائزہ لینے کے لئے چھ ماہ بعد کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔ای سی سی نے وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی سمری پر غور کرتے ہوئے آزاد بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ڈویلپرز اور بڑے یوٹیلٹی شیئر ہولڈرز کی جانب سے دائر بین الاقوامی ثالثی مقدمات کے اخراجات پورے کرنے کے لئے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔ کمیٹی نے پاور ڈویژن کی ایک اور سمری کی منظوری دیتے ہوئے بند کئے گئے جنریشن کمپنیوں کے پنشنرز کو ان کی متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ منسلک کرنے کی منظوری دی تاکہ ان کی پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ فوائد کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔ای سی سی نے وزارتِ پٹرولیم کی سمری پر غور کرتے ہوئے رحمان-8 ایس ٹی-3 کنویں میں موجود پاب ذخیرے کو ٹائٹ گیس (تلاش و پیداوار) پالیسی 2011 کے تحت ٹائٹ گیس ذخیرہ قرار دینے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی کی جانب سے پیش کردہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینوں اور مالی سال 2024-25 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی گئی۔ای سی سی نے وزارتِ پٹرولیم کی ایک اور سمری کی منظوری دیتے ہوئے اپریل، مئی اور جون 2026 کے دوران ایس این جی پی ایل کے نیٹ ورک سے آر ایل این جی پر چلنے والے بجلی گھروں کو فراہم کی گئی مقامی گیس کے ٹیرف کے تعین کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال (ورچوئل)، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ (ورچوئل)، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








