کویت کے وزیر خارجہ کل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے

"ریاستِ کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، جس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔”

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):کویت کے وزیر خارجہ 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ریاستِ کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ دونوں رہنما پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کویتی وزیر خارجہ کی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات متوقع ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔