لیسکو میں فنانس ڈائریکٹوریٹ کے مالیاتی نظم و نسق اور شفافیت کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں، ترجمان

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی قیادت میں لیسکو کے فنانس ڈائریکٹوریٹ نے مالیاتی نظم و نسق، شفافیت اور داخلی کنٹرولز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی قیادت میں لیسکو کے فنانس ڈائریکٹوریٹ نے مالیاتی نظم و نسق، شفافیت اور داخلی کنٹرولز کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ سال بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے سرمایہ کاری پالیسی پر نظرثانی کی گئی، جس کے تحت اوپن کمپیٹیشن کے ذریعے شفاف سرمایہ کاری کا نظام متعارف کرایا گیا۔ نئی پالیسی کے تحت اب تک تقریبا 75 ارب روپے کی سرمایہ کاری 20 مختلف لاٹس میں بہترین شرح منافع پر کی جا چکی ہے جبکہ فنانس ڈائریکٹوریٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے قلیل اور طویل مدتی اصلاحاتی منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پنشن فنڈز کی ایک سرمایہ کاری پر موصول ہونے والے منافع میں طے شدہ شرح کے مقابلے میں فرق کی نشاندہی ہوئی، جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بینک سے رابطہ، واجب الادا رقم کی وصولی اور معاملے کی مکمل جانچ کی ہدایت کی۔

بعد ازاں معاملہ بورڈ کی آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا، جس کی ہدایات پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اور بعد ازاں چیف انٹرنل آڈیٹر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ حقائق کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے کر داخلی کنٹرولز، شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا ہے کہ شفافیت، احتساب اور مضبوط مالیاتی نظم و نسق لیسکو کی اولین ترجیحات ہیں۔ ادارے کے مالی وسائل کے تحفظ اور موثر داخلی کنٹرولز کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔