ماحولیاتی تبدیلی بڑا عالمی چیلنج، زمین کے تحفظ بارے شعوراجاگر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا زمین کے عالمی دن پر پیغام

ماحولیاتی تبدیلی بڑا عالمی چیلنج، زمین کے تحفظ بارے شعوراجاگر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا زمین کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، کرہ ارض کی حفاظت کیلئے شعور اجاگر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ زمین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، موسمیاتی آفات کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، 2022ء کے تباہ کن سیلاب میں 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے، انفراسٹرکچر کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، گزشتہ سالوں میں پاکستان کے اوسط درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، درجہ حرارت کا بڑھنا ماحولیاتی خطرات میں اضافے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمالیہ اور قراقرم کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشیئرز پگھلنے کی وجہ سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل جہاں گرین ہائوس گیسوں کا اخراج نہ ہونے کے برابر ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگلات کا مجموعی رقبہ عالمی معیار سے کم ہو کر صرف 5 فیصد رہ گیا ہے، جنگلات کی تیزی سے کٹائی ماحولیاتی عدم توازن کی بڑی وجہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بڑے شہروں میں فضائی آلودگی میں تیزی سےاضافہ ہوا ہے، آبی قلت پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے، شمسی توانائی اور ونڈ انرجی ، توانائی کے شعبے میں خودکفالت کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ، ماحولیاتی آلودگی میں پلاسٹک کا استعمال اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی بنیادی وجوہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ماحول کے تحفظ اور پائیدار ترقی کیلئے موثر قانون سازی کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان کی پارلیمان کو شمسی توانائی سے اپنی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کا اعزاز حاصل ہے، زمین کا تحفظ آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، کرہ ارض کے تحفظ کیلئے پانی، توانائی اور قدرتی وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ زمین کا عالمی دن ماحول کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔