مادری زبان کی حفاظت وفروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، مریم نواز

لاہور۔21فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مادری زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ زبان ناصرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے، ڈیجیٹل دنیا میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت اور ورثے کی سب سے …

لاہور۔21فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مادری زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ زبان ناصرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے، ڈیجیٹل دنیا میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہاکہ مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت اور ورثے کی سب سے قیمتی علامت ہوتی ہے، مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ قومی شناخت اور بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے،زبان ایک ایسا سماجی عطیہ ہے جو زمانے کے ساتھ ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے، مادری زبانیں دنیا بھر میں ثقافتی،تاریخی اورسماجی روایات کے بارے میں بہتر آگہی پیدا کرتی ہیں۔

وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ مادری زبان کا تحفظ دراصل ہماری ثقافتی خودمختاری اور فکری آزادی کی ضمانت ہے،مادری زبانوں کے تحفظ کیلئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مزید فعال کیا گیا ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب حکومت مادری زبانوں کی ترقی اور ترویج کے لیے پرعزم ہے، یہ ہماری شناخت کا اہم جزو ہیں، نئی نسل کو اپنی مادری زبان کے ساتھ جوڑ رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف رہیں۔وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ تعلیمی نصاب میں زبانوں کی ترقی، تحقیق اور فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں،مادری زبان کی حفاظت اور فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔