ماڑی پٹرولیم کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں سالانہ بنیادوں پر 44 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):ماڑی پٹرولیم کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 44 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمپنی کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائے مالیاتی بیان کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ماڑی پٹرولیم کو23.86 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ماڑی پٹرولیم کو 16.57 ارب روپے کابعد ازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ماڑی پٹرولیم کو 11.14 ارب روپے کابعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 49 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 7.47 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔

جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 178.87 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 124.21 روپے تھی۔ اسی طرح دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 83.56 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 56 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کے مجموعی فروخت کاحجم 61 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 42.41 ارب روپے تھا۔ آپریٹنگ اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر 29 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔