متحدہ عرب امارات،شارجہ پولیس کا ڈیجیٹل ایپلی کیشن ایم او آئی یو اے ای کے ذریعے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ متعارف

174
Sharjah Police
Sharjah Police

شارجہ۔29اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی پولیس کی جنرل کمانڈ نے وزارت داخلہ کی ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’’ایم او آئی یو اے ای‘‘ کے ذریعے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔اردونیوز کے مطابق شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد نیا ڈرائیونگ لائسنس وزارت داخلہ کی ایپلی کیشن کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ایپلی کیشن پر لائسنس حاصل کرنے والے شخص کا نام ، پاس ورڈ کے ذریعے لاگ ان پھر ’’سروسز لسٹ آئیکن پر کلک کرکے نیا ڈرائیونگ لائسنس جاری کریں آئیکن کا انتخاب کیا جائے۔اس کے بعد لائسنس حاصل کرنے والے شخص کی تصویر، جس جگہ وہ لائسنس حاصل کرنا چاہتا ہے وہاں کے ایڈریس کا اندراج کیا جائے۔

لائسنس کی فیس 300 درہم اور 15 درہم ڈلیوری فیس ہے، اس طرح کل 315 درھم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ادائیگی کے عمل کا ڈیجیٹل طور پر مکمل ہونے کے بعد لائسنس 3 ایام کار کے اندر فراہم کردیا جاتا ہے۔ امارات کے سرکاری پورٹل کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے لیے اماراتی شہری یا رہائشی کو ڈرائیونگ کا تربیتی سیشن اور پھر مطلوبہ ٹیسٹ پاس کرنا ہوتا ہے۔ کار ڈرائیونگ سکول میں داخلے کے لیے رجسٹرڈ ڈرائیونگ سکولوں میں سے کسی ایک میں درخواست دینا ضروری ہے۔ تربیتی کورس مکمل کرنے اور ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد اماراتی یا غیرملکی 2 سال کے لئے نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتا ہے۔ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دہندہ منظور کردہ ڈرائیونگ سکولوں میں سے کسی ایک سے تمام طریقہ کار مکمل کرسکتا ہے۔

اماراتی شہری اور رہائشی جو قانونی عمر تک پہنچ چکے ہوں اور مناسب طبی فٹنس رکھتے ہوں وہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔سائیکل اور گاڑی کے لائسنس کے لئے عمر 17 سال، کار اور ہلکی گاڑی کے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر 18 سال، بھاری گاڑیاں اور ٹریکٹر کے لیے 20 سال اور بس ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے عمر 21 سال ہونی چاہیے۔

ٹریفک فائل کھولنے کے لیے پاسپورٹ اور رہائشی ویزا کی ایک کاپی، شناختی کارڈ کی اصل اور کاپی، تصاویر، آئی ٹیسٹ کی رپورٹ، سپانسر کی طرف سے این او سی سرٹیفک (اگر محکمہ ٹریفک کو درکار ہو) ضروری ہیں۔ امارات میں محکمہ ٹریفک کی جانب سے منظور شدہ مراِکز میں سے ایک میں آنکھوں کا معائنہ کرائیں اور رپورٹ حاصل کریں۔ ڈرائیونگ ٹریننگ کی تمام مطلوبہ کلاسز مکمل کریں، امارات کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے مقررہ تمام ٹیسٹ پاس کریں۔ امارات کے جس حصے میں آپ رہتے ہیں وہاں کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔