متحدہ عرب امارات اور اردن کا مسجد الاقصی پر اسرائیلی انتہا پسندوں کے حملے کے سنگین نتائج پر تبادلہ خیال

متحدہ عرب امارات اور اردن کا مسجد الاقصی پر اسرائیلی انتہا پسندوں کے حملے کے سنگین نتائج پر تبادلہ خیال

171

ابوظہبی۔16اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی انتہا پسندوں کی جانب سے گزشتہ منگل کو کی جانے والی دراندازی اور خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘کے مطابق دونوں وزراء نے مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی انتہاپسندوں کی دراندازی خاص طور پر بنیاد پرست، نسل پرست وزیر اتامار بن غفیر کے اشتعال انگیز دورے کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ اقدام ایک سنگین اور خطرناک پیش رفت ہے جس سے خطے میں تشدد کی سطح میں اضافے کا خطرہ ہے۔

شیخ عبداللہ بن زید اور الصفدی نے ان خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے اور ایک بین الاقوامی موقف قائم کرنے کے لیے مشترکہ مربوط اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جو یروشلم شہر کی تاریخی اور قانونی حیثیت کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔

مزید برآں، شیخ عبداللہ نے مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے اردن کے اقدامات کے لیے متحدہ عرب امارات کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی تباہی کے خاتمے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقوں میں غیر قانونی طریقوں کو روکنے کی ضرورت کی توثیق کی۔