متحدہ عرب امارات نے غزہ سے 252 مریضوں اوران کے اہل خانہ کو ا بوظہبی منتقل کر دیا

ابو ظہبی ۔12ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے غزہ سے مزید 252 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو ابوظہبی منتقل کر دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ایک فوری انسانی امدادی اقدام کے تحت غزہ کی پٹی سے 97 شدید زخمی افراد اور مریضوں کو نکال کر ابوظہبی پہنچایا ہے۔ ان میں …

ابو ظہبی ۔12ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے غزہ سے مزید 252 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو ابوظہبی منتقل کر دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ایک فوری انسانی امدادی اقدام کے تحت غزہ کی پٹی سے 97 شدید زخمی افراد اور مریضوں کو نکال کر ابوظہبی پہنچایا ہے۔ ان میں کینسر کے ایسے مریض بھی شامل تھے جنہیں علاج کی ضرورت تھی۔ ان کے ساتھ ان کے 155 اہل خانہ اور 142 بچے بھی تھے۔ یہ افراد ریمون ہوائی اڈے (اسرائیل) سے کریم ابو سالم کراسنگ کے راستے ابوظہبی لائے گئے تاکہ انہیں ضروری طبی علاج فراہم کیا جا سکے۔

وام کے مطابق اس سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت، ریم بنت ابراہیم ال ہاشمی نے کہا کہ یہ پرواز ریمون ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی دوسری پرواز ہے جو زخمی فلسطینیوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کی متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو اجاگر کرتی ہے ، زخمی اور بیمار فلسطینیوں کو نکالنے کا یہ نیا اقدام پٹی میں موجود تباہ کن حالات کے دوران فلسطینیوں کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اس انسانی المیے کو کم کرنے کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

دریں اثناء عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے کہا کہ ہم ایک بار پھر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے غزہ کی پٹی سے بیمار اور زخمی افراد کو نکالنے میں مدد کی تاکہ انہیں فوری طور پر ضروری علاج کی سہولت مل سکے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اور اس طرح مزید لوگوں کے لیے مزید انخلا ممکن ہو سکے گا۔اس بحران کے آغاز سے ہی، متحدہ عرب امارات نے زخمی اور بیمار فلسطینیوں کو فراہم کی جانے والی انسانی امداد کو بڑھانے اور موجودہ نازک حالات میں ان کی حمایت کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کی ہیں۔اس سلسلے میں، متحدہ عرب امارات نے پچھلے اقدامات کے تحت 1,655 مریضوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ نکالا ہے۔

آج کی پرواز کے ساتھ غزہ سے منتقل کئے جانے والوں کی تعداد 1,917 سے زیادہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ تک پہنچ گئی ہے۔ مزید برآں، متحدہ عرب امارات نے ایک خصوصی مہم کے تحت 10 بحری جہازوں، 1,300 ٹرکوں، 316 پروازوں اور 104 فضائی گرائی کے ذریعے 40 ہزار ٹن سے زیادہ فوری امداد فراہم کی ہے، جس میں خوراک، طبی اور امدادی سامان شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی شمالی غزہ کو فضائی گرائی کے ذریعے بھیجی جانے والی انسانی امداد کی کل مقدار 3,450 ٹن سے زیادہ ہو گئی ہے۔