محرم الحرام،فیصل آباد میں مٹی سے بنی کجیوں،ٹھوٹھیوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

فیصل آباد میں عشرہ محرم الحرام کے سلسلہ میں جگہ جگہ کچی مٹی سے بنی ہوئی کجیوں،ٹھوٹھیوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

فیصل آباد۔ 22 جون (اے پی پی):فیصل آباد میں عشرہ محرم الحرام کے سلسلہ میں جگہ جگہ کچی مٹی سے بنی ہوئی کجیوں،ٹھوٹھیوں کی فروخت عروج پر پہنچ گئی کیونکہ اکثر فرزندان اسلام اپنے مذہبی عقائد کے طورپر یوم عاشور تک مٹی کے ان برتنوں میں کھیر ، حلوہ اور دیگراشیا کی نیاز تقسیم کرتے ہیں۔فیصل آباد کی مرکزی امام بارگاہ جھنگ روڈ پر دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کے قرب و جوار میں لگائے گئے مذکورہ کچے برتنوں کے ٹھیلوں کے مالکان نے بتایاکہ وہ سارا سال مٹی کے مذکورہ کچے برتن تیار کرتے ہیں جنہیں محرم الحرام کے موقع پر فروخت کیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ عقیدت مندان و مومنین بڑی تعداد میں یہ چھوٹے برتن خریدتے ہیں جن میں میٹھے پکوان بشمول کھیر ،حلوہ، چاول وغیرہ ڈال کر بچوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہواہے لہٰذا مٹی کے ان چھوٹے برتنوں کے نرخ بھی معمولی بڑھائے گئے ہیں۔