محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ’’امن قافلہ‘‘ ملتان پہنچ گیا۔
محرم الحرام میں امن و اتحاد کے فروغ کیلئے امن قافلہ ملتان پہنچ گیا، تمام مکاتبِ فکر کا بھائی چارے اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
ملتان۔ 02 جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ’’امن قافلہ‘‘ ملتان پہنچ گیا۔ اس موقع پر چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور سفیر امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں اتحاد بین المسلمین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر، ضلعی افسران، مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام، ذاکرین اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ امن و امان پاکستان کی سلامتی، ترقی اور قومی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور علما کرام استحکام پاکستان کے قومی بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کی روانگی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اور اس کا دفاع پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور بھارتی جارحیت کے خلاف قومی فتح کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے علماء کرام اور ذاکرین پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیز تقاریر سے مکمل اجتناب کیا جائے اور تمام مسالک کے عقائد و نظریات کا احترام کیا جائے۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا کہ محرم الحرام ہمیشہ کی طرح امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا میں گزرے گا۔ انہوں نے علما ، مشائخ اور عوام پر زور دیا کہ اسلام، وطن اور امن کے دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔اجلاس کے اختتام پر تمام مکاتبِ فکر کے علما و مشائخ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر قومی یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کیا۔ ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی، اتحاد امت، حرمین شریفین کے تحفظ اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔








