محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور عوامی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری

محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور عوامی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری

فیصل آباد۔ 20 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او، سی ٹی او، فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، عزاداروں کے لیے سہولیات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد، آر پی او، سی ٹی او، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں کیے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام انتظامی و قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ رہیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر مساجد کے باہر نمازیوں اور شہریوں کے لیے سبیلوں کا خصوصی انتظام کیا جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں لوگوں کو ٹھنڈے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور باہمی تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔انہوں نے حضرت سلطان باہوؒ کے سالانہ عرس اور ضلع چنیوٹ میں منعقد ہونے والی شہادت کانفرنس کے لیے بھی جامع سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان مذہبی اجتماعات میں شرکت کرنے والے زائرین اور شرکاء کے تحفظ کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر مسلسل ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا تاکہ موسم کی شدت میں کمی لائی جا سکے اور عزاداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے فیصل آباد میں سموگ گنز بھی فراہم کر دی گئی ہیں جنہیں جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات پر استعمال کیا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے دوران میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو ٹریفک پلان، متبادل راستوں، سیکیورٹی اقدامات اور دیگر ضروری معلومات بروقت فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ انتظامیہ کے افسران مسلسل رابطے میں ہیں اور بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کے باہر پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے جبکہ ٹریفک پولیس جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستوں کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل تعاون اور رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔

مزید خبریں