محرم الحرام کے لیے ساہیوال ڈویژن میں سکیورٹی پلان مکمل،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس، کابینہ کمیٹی

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ساہیوال میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔

لاہور۔13جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ساہیوال میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ اور ساہیوال ڈویژن سے ارکان اسمبلی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، چیف کوآرڈینیٹر پفٹیک بریگیڈیئر اسجد علی، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی حسن سکھیرا، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرئوف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران ساہیوال ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محمد ایاز سلیم نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام 1749 مجالس اور 461 جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کی امداد کیلئے فوج کی 6 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ اسی طرح ساہیوال ڈویژن میں 71 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے 784ویں عرس کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پاکپتن میں عرس کی تقریبات کا آغاز 12 جون سے ہوچکا ہے جو26 جون تک جاری رہیں گی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے تمام ڈویژنز میں جا کر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، پنجاب میں پرامن محرم الحرام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے، امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ ساہیوال میں محرم الحرام کے حوالے سے تسلی بخش انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکپتن میں بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے عرس کے موقع پر لاکھوں زائرین کی بحفاظت حاضری کیلئے 24/7 فعال رہنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، انتظامات کے دوران موسم کی شدت کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے، تمام منتظمین پبلک سیفٹی ایپلیکیشن کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منسلک ہو جائیں۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ قیامِ امن کیلئے ڈویژنل امن کمیٹی کا فعال کردار نہایت اہم ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ پنجاب بھر میں سبیلیں لگا رہی ہے، امن وامان میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کیساتھ ساتھ پنجاب بھر میں سائبر پٹرولنگ سیل قائم کیے گئے ہیں، سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد پھیلانے پر مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات عملہ شہریوں کی بحفاظت واپسی تک فیلڈ میں موجود رہے۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آر پی او محمد ایاز سلیم نے آگاہ کیا کہ کیٹگری اے کی مجالس اور جلوسوں کیلئے اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن سے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد کابینہ کمیٹی نے ساہیوال میں ڈویژنل امن کمیٹی اور علما و مشائخ سے ملاقات کی، تمام مکاتبِ فکر سے علمائے کرام نے علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری کی سربراہی میں شرکت کی۔ ڈویژنل امن کمیٹی اور علما و مشائخ نے محرم الحرام کے بہترین انتظامات پر اظہارِ اطمینان کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ اتحادِ امت کیلئے علمائے کرام کے مخلصانہ کردار پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور جلوس و مجالس کے منتظمین باہمی تعاون سے انتظامات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں متعلقہ وزراء کو ذمہ داریاں دی ہیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں، محرم الحرام انتظامات میں امن کمیٹی کی کلیدی اہمیت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوامی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

سید عاشق حسین کرمانی کا کہنا تھا کہ قیامِ امن کے حوالے سے امن کمیٹیوں کا کردار لائق تحسین ہے، جلوس و مجالس کے دوران محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، علمائے کرام نے امن و اتحاد کی خاطر حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ امن کمیٹی کے ممبران نے اس موقع پر کہا کہ تمام مکاتبِ فکر باہمی محبت و احترام کیساتھ محرم الحرام گزاریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے آئمہ مساجد کیلئے مثالی اعزازیہ پروگرام شروع کیا ہے، قیامِ امن کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون یقینی بنا رہے ہیں۔

مزید خبریں