گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول 2026 کا تاج اپنے نام کر لیا۔ ہفتہ کو گلگت بلتستان کی ٹیم نے دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ کے طور پر مشہور تاریخی شندور پولو گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز فائنل میں چترال کو 5-6 سے شکست دے دی۔
گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول 2026 جیت کر چترال کی 13 سالہ حکمرانی کا خاتمہ کر دیا

مزید خبریں
چترال۔ 14 جون (اے پی پی):گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول 2026 کا تاج اپنے نام کر لیا۔ ہفتہ کو گلگت بلتستان کی ٹیم نے دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ کے طور پر مشہور تاریخی شندور پولو گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز فائنل میں چترال کو 5-6 سے شکست دے دی۔ ایک سخت مقابلے والے میچ میں چترال نے پہلے ہاف کے بیشتر حصے پر غلبہ برقرار رکھا اور ایک شاندار جارحانہ کارکردگی کے ذریعے 4-5 کی برتری حاصل کر رکھی تاہم گلگت بلتستان نے آخری مراحل میں شاندار واپسی کی اور فتح کو یقینی بنانے اور چیمپئن شپ کی ٹرافی اٹھانے کےلیے دو فیصلہ کن گول کیے۔ یہ کامیابی گلگت بلتستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی جس نے اس باوقار ٹورنامنٹ پر چترال کے 13 سالہ غلبے کا خاتمہ کیا اور مسابقت میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔
فائنل میچ کا باقاعدہ افتتاح کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے کیا جنہوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور رسمی گیند پھینک کر مقابلے کا آغاز کیا۔ آخری سیٹی بجنے کے بعد گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور حامیوں نے اپنی اس تاریخی فتح کا جشن منایا جبکہ تماشائیوں نے روایتی فری اسٹائل ماؤنٹین پولو کا ایک دلچسپ مظاہرہ دیکھا جو کہ شمالی پاکستان کی ثقافت کا ایک مشہور اور مقبول کھیل ہے۔ اس فیسٹیول کا انعقاد پاک فوج، خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، چترال اسکاؤٹس اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ پاکستان بھر اور بیرونِ ملک سے ہزاروں شائقین نے اس فیسٹیول میں شرکت کی ۔ یہ سالانہ سنسنی خیز میلہ پاکستان کے شمالی علاقوں کی بھرپور ثقافتی میراث اور روایات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔







