محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو پودینے کی کاشت فوری شروع کرکے ستمبر کے آخرتک مکمل کرنے کی ہدایت

قصور۔۔31اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پودینے کی کاشت فوری شروع کرکے ستمبر کے آخرتک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکاشتکاروں سے کہا ہے کہ چونکہ ستمبر کے آخرتک پودینے کی کاشت کے لئے بہترین موسم ہے لہذا وہ اس عرصہ میں کاشت مکمل کرنے کے لئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہوسکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصورمحمداکرم طاہرنے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر پودینے کی کاشت کے لئے ایک لاکھ 75ہزار سے 2لاکھ تک پرانے پودوں کی ٹہنیاں اور جڑوں کے ٹکڑے درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پودینے کی کاشت کے فوراً بعد آبپاشی کرلی جائے تو اس کے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پودینے کی کاشت کے لئے ایسی زمین کاانتخاب بھی ضروری ہے جو زرخیز اورپانی کابہترنکاس رکھتی ہو جس کھیت میں پودینہ کی کاشت مطلوب ہو اس میں سبز کھاد ڈالنے سے بھی فی ایکڑ بہترین فصل حاصل ہوسکتی ہے۔