سیالکوٹ۔13نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نےکاشتکار وں کو گندم کی کاشت ربیع ڈرل کے ذریعے کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار دھان کے وڈھ میں گندم کی بوائی سپر سیڈر سے کریں۔
کپاس کے وڈھ میں روٹاویٹر چلا کر زمین بھربھری کر لیں۔فیلڈ آفیسر محکمہ زراعت (توسیع) کینٹ میمونہ عزیز نے بتایا کہ گندم کے اُگاؤ کیلئے زمین اچھی وتر حالت میں ہو۔گندم کی کاشت کیلئے20نومبر تک شرح بیج40 تا45 کلو گرام فی ایکڑرکھیں جبکہ 21 نومبر سے10 دسمبر تک گندم کی کاشت کیلئے شرح بیج50 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں۔ بیج کے اُگاؤ کی شرح85فیصد سے زائد ہونی چاہیے۔
آبپاش علاقوں کے کاشتکار20 نومبر تک گندم کی محکمہ زراعت پنجاب کی منظورشدہ اقسام سبحانی 21،صادق21،این اے آر سی سپر،بورلاگ16،جوہر16،ایم اے21اور فخر بھکر کاشت کریں۔اس کے علاوہ21 تا30 نومبر کاشت کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام نشان21،نواب21،رہبر21 اور غازی19کاشت کریں جبکہ 10دسمبر تک کاشت کی صورت میں کاشتکار گندم کی منظور شدہ اقسام اکبر19،بھکر سٹار19،اجالا16 اور اناج17 کی کاشت کریں۔