مستفیض الرحمان وِزڈن کی 2025 کی ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل

ڈھاکہ ۔20جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے نامور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو وِزڈن کی جانب سے مینز ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر 2025 میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق مستفیض الرحمان نے شاندار بین الاقوامی اور فرنچائز کارکردگی کی بدولت دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنائی۔کرکٹ پر مبنی معتبر ویب سائٹ وِزڈن کے اداراتی پینل نے سال …

ڈھاکہ ۔20جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کے نامور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو وِزڈن کی جانب سے مینز ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر 2025 میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق مستفیض الرحمان نے شاندار بین الاقوامی اور فرنچائز کارکردگی کی بدولت دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنائی۔کرکٹ پر مبنی معتبر ویب سائٹ وِزڈن کے اداراتی پینل نے سال 2025 کے دوران کھیلے گئے تمام تسلیم شدہ ٹی ٹونٹی میچز کی بنیاد پر ٹیم کا انتخاب کیا، جس میں 2026 ورلڈ کپ سے قبل بین الاقوامی سیریز اور مختلف فرنچائز لیگز شامل تھیں۔

وِزڈن نے مستفیض الرحمان کی غیر معمولی لائن و لینتھ اور نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے بتایا کہ 2025 میں کم از کم 150 اوورز کرانے والے بولرز میں ان کا 18.03 کا بولنگ اوسط سب سے بہتر رہا۔ انہیں سال کا سب سے کفایتی فاسٹ بولر بھی قرار دیا گیا، جو باقاعدگی سے وکٹیں لینے کے ساتھ رنز روکنے میں کامیاب رہے۔2025 کے دوران مستفیض الرحمان نے 43 اننگز میں 59 وکٹیں حاصل کیں، ان کی اکانومی ریٹ 6.78 اور سٹرائیک ریٹ 15.9 رہا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 156.5 اوورز کرائے جبکہ ان کی بہترین بولنگ 3 وکٹیں 11 رنز کے عوض رہی۔

سٹرائیک ریٹ کے اعتبار سے صرف ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر (15.4) ان سے بہتر ثابت ہوئے۔وِزڈن کی ٹیم آف دی ایئر میں توازن برقرار رکھتے ہوئے دو سپیشلسٹ سپنرز، دو فاسٹ بولرز اور دو پیس بولنگ آل راؤنڈرز شامل کیے گئے ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں مستفیض الرحمان کے ساتھ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی شامل ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں جیسن ہولڈر اور انگلینڈ کے ثام کیرن کو جگہ دی گئی ہے۔

سپن بائولنگ کے شعبے میں سنیل نارائن اور بھارت کے ورون چکرورتی شامل ہیں۔بیٹنگ لائن اپ کی قیادت بھارت کے ابھیشیک شرما کر رہے ہیں، جنہوں نے 2025 میں تین سنچریوں کے ساتھ 202.01 کے شاندار سٹرائیک ریٹ سے ایک ہزار سے زائد رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔ ان کے ساتھ انگلینڈ کے فل سالٹ شامل ہیں، جبکہ مڈل آرڈر میں ڈیوالڈ بریوس، ڈونوون فریرا اور ٹم ڈیوڈ کو منتخب کیا گیا ہے۔