لاہور۔2مارچ (اے پی پی):قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز بلے باز صدف شمس نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ ون ڈے میچ سے ہی پر اعتماد تھیں ۔ان کا کہنا تھا کہ آخری ون ڈے میچ میں انہوں نے ایک ایک بال پر مکمل توجہ مرکوز رکھی،جس کی بدولت وہ لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے …
مستقبل میں بھی قومی ٹیم جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی، صدف شمس

مزید خبریں
لاہور۔2مارچ (اے پی پی):قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز بلے باز صدف شمس نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ ون ڈے میچ سے ہی پر اعتماد تھیں ۔ان کا کہنا تھا کہ آخری ون ڈے میچ میں انہوں نے ایک ایک بال پر مکمل توجہ مرکوز رکھی،جس کی بدولت وہ لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ خود اعتمادی نے انہیں وکٹ پر جم کر کھیلنے میں مدد دی۔ صدف شمس نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ سنچری مکمل کریں،تاہم97 رنز پر آوٹ ہونے کا افسوس ضرور ہے،لیکن ٹیم کی جیت اس سے کہیں زیادہ خوشی کا باعث بنی۔ان کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران دونوں اینڈز سے سنگلز لینے پر خاص توجہ دی گئی تاکہ سکور بورڈ متحرک رہے۔
انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی ان کا عزم تھا کہ میچ جیتنا ہے اور اسی سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں۔صدف شمس نے مزید کہا کہ کسی دوسرے ملک میں جا کر میزبان ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہوتا، تاہم پوری ٹیم کو اپنی صلاحیتوں اور جیت پر یقین تھا۔ان کے مطابق یہ کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت اور اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کوچنگ سٹاف کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واضح گیم پلان دیا گیا تھا جس پر من و عن عمل کیا گیا۔
صدف شمس کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ آخر تک وکٹ پر موجود رہ کر ٹیم کو فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی ٹیم کے اعتماد میں مزید اضافہ کرے گی اور مستقبل کے میچز میں بھی قومی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔








