مستقل لاک ڈاﺅن نہیں کر سکتے، تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہو گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے، ہم مستقل لاک ڈاﺅن نہیں کر سکتے ہمیں، تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہو گا۔ بدھ کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ جیسے جیسے ہماری ٹیسٹنگ کی …

اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے، ہم مستقل لاک ڈاﺅن نہیں کر سکتے ہمیں، تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہو گا۔ بدھ کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ جیسے جیسے ہماری ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھے گی ویسے ویسے ہمارے ہاں کورونا وائرس سے متاثرین کی اصل تعداد سامنے آتی چلی جائے گی، پاکستان میں ابھی تک ہم اس وائرس کی بلند ترین سطح پر نہیں پہنچے جو کہ غالباً مئی کے آخر اور جون کے شروع میں متوقع ہے، ہمیں تیار رہنا چاہئے کہ ابھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو گا اور اموات کی شرح میں اضافہ بھی خارج از امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی صورتحال سے دوچار ہیں جہاں ایک طرف ہمیں اس کورونا وباءکے پھیلاﺅ کو روکنا ہے اور دوسری طرف ہمیں غریب طبقہ کو بھوک سے بچانا ہے، ہمیں اس حوالہ سے ہر حال میں توازن برقرار رکھنا ہو گا، آج پوری دنیا اس کشمکش کا شکار ہے اس صورتحال سے نمٹنے کا کوئی مستقل قاعدہ یا ضابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے، ہم مستقل لاک ڈاﺅن نہیں کر سکتے، ہمیں تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے ہم وزارت اوورسیز پاکستانیز، وزارت ہوا بازی سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو اس وباءسے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب بھی دینی ہے اور یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ بے جا خوف و ہراس نہ پھیلے۔

مزید خبریں