مسجد الحرام میں شیخ صالح اور مسجد نبوی میں شیخ خالد المہنا خطبہ جمعہ دیں گے،خطبوں کااردو سمیت مختلف زبانوں میں ترجمہ بھی پیش کیا جائے گا

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے یکم محرم الحرام سے شروع ہو ے والے نئے سال کے پہلے جمعہ کے لئے مسجد الحرم اور مسجد نبوی میں خطبہ جمعہ اور امامت کے فرائض سرانجام دینے والے معزز آئمہ کرام کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کےمطابق نمازِ جمعہ کے لیے مسجد الحرام میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید اور مسجدِ نبوی میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر …

خرم شہزاد

مکہ مکرمہ۔19جون (اے پی پی):حرمین شریفین کی انتظامیہ نے یکم محرم الحرام سے شروع ہو ے والے نئے سال کے پہلے جمعہ کے لئے مسجد الحرم اور مسجد نبوی میں خطبہ جمعہ اور امامت کے فرائض سرانجام دینے والے معزز آئمہ کرام کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کےمطابق نمازِ جمعہ کے لیے مسجد الحرام میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید اور مسجدِ نبوی میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر خالد بن سلیمان المہنا خطبہ دیں گے۔ ڈاکٹر صالح قائم مقام شاہی مشیر اور مسجد الحرام کے سینئر امام و خطیب ہیں جو کہ بیت اللہ کے منبر سے امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لیے اہم موضوع پر خطبہ دیں گے۔ معروف اسلامی سکالر اور پیش امام فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر خالد بن سلیمان المہنا روضہ رسول ﷺ کی جوار میں خطبہ جمعہ دیں گے۔

واضح رہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم محرم الحرام کو نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز کے موقع پر خانہ کعبہ کا غلاف (کسوہ) تبدیل کیا گیا۔ حرمین شریفین کی جنرل اتھارٹی کے مطابق، اس بار غلافِ کعبہ کی تبدیلی محض 3 گھنٹوں کے ریکارڈ وقت میں مکمل کی گئی، جو سعودی ماہرین اور عملے کی غیر معمولی مہارت، جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشگی منصوبہ بندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نیا اسلامی سال شروع ہونے اور محرم الحرام کا پہلا جمعہ ہونے کی وجہ سے دونوں مساجد میں عمرہ زائرین،حجاج کرام اور مقامی نمازیوں کے بڑے اجتماعات کے پیشِ نظر تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔

انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے آبِ زم زم کی فراہمی، سکیورٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح ان خطبات کا اردو سمیت دنیا کی بڑی زبانوں میں لائیو ترجمہ بھی نشر کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر سے آئے زائرین شیوخ کے پند و نصائح کو آسانی سے سمجھ سکیں۔