مسلسل منفی باتوں اور تنقید نے کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو متاثر کیا،ٹیم کو صرف میدان میں نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی سخت دباؤ کا سامنا رہا،داسن شناکاکی پریس کانفرنس

کولمبو۔26فروری (اے پی پی):سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹیم کو صرف میدان میں نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی سخت دباؤ کا سامنا رہا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل منفی باتوں اور تنقید نے کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو متاثر کیا۔داسن شناکا نے کہا کہ بطور کھلاڑی وہ ہمیشہ مثبت رہنے کی …

کولمبو۔26فروری (اے پی پی):سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹیم کو صرف میدان میں نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی سخت دباؤ کا سامنا رہا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل منفی باتوں اور تنقید نے کھلاڑیوں کی ذہنی کیفیت کو متاثر کیا۔داسن شناکا نے کہا کہ بطور کھلاڑی وہ ہمیشہ مثبت رہنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جب چاروں طرف مایوسی اور تنقید کا ماحول ہو تو اس کے اثرات نوجوان کھلاڑیوں پر ضرور پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ مقابلہ دیکھے بغیر ہی رائے قائم کر لیتے ہیں، جو ٹیم کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کے مطابق اگر ممکن ہو تو حکام کو چاہیے کہ وہ مستقبل کے کھلاڑیوں کو اس منفی فضا سے بچانے کے لیے اقدامات کریں تاکہ ان کی ذہنی صحت محفوظ رہ سکے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم میدان کی صورتحال کو درست انداز میں نہ سمجھ سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں توقع تھی کہ وکٹ بلے بازی کے لیے بہتر ہوگی، لیکن ابتدا ہی سے گھومتی گیند بازوں کو غیر معمولی مدد ملی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ منصوبہ بندی حالات کے مطابق نہیں ہو سکی اور اس کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا۔کپتان نے انجریز کو بھی بڑی وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وندو ہسارنگا کی انجری نے ٹیم کے توازن کو متاثر کیا، جبکہ متھیشا پتھیرانا اور ایشان ملنگا کی عدم دستیابی بھی نقصان دہ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مکمل جسمانی تیاری بہت ضروری ہے کیونکہ اہم مقابلوں میں ایک یا دو اہم کھلاڑیوں کی کمی بھی نتائج بدل دیتی ہے۔داسن شناکا نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر عالمی مقابلہ کھیلنا ہر کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہوتی ہے اور پوری ٹیم کی خواہش تھی کہ وہ آخری چار تک رسائی حاصل کرے، لیکن وہ عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ٹیم اپنی خامیوں کا جائزہ لے گی اور مستقبل میں بہتر نتائج دینے کی بھرپور کوشش کرے۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور منظم حریف ہے اور ان کے خلاف میچز انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور بڑے مقابلوں میں ہمیشہ سخت چیلنج پیش کرتی ہے۔

ان کے بقول پاکستان کے خلاف میچز عموماً سنسنی خیز اور دباؤ سے بھرپور ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ٹیم کو ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔داسن شناکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو کسی صورت آسان حریف نہیں سمجھ رہے اور مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میدان میں پوری جان لگا دے گی اور شائقین کو ایک سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔کپتان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ سری لنکن کھلاڑی مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور آخر تک بھرپور مقابلہ کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میگا ایونٹ کا اہم میچ 28 فروری کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔