"ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی سے ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل خضدار اعجاز احمد اور ایس ڈی او پی ٹی سی ایل خضدار وسیم وہاب زہری نے ملاقات کی، جس میں باہمی امور اور مواصلاتی سہولیات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”
ڈپٹی کمشنر خضدار سے ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل اور ایس ڈی او پی ٹی سی ایل کی ملاقات

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی سے ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل خضدار اعجاز احمد اور ایس ڈی او پی ٹی سی ایل خضدار وسیم وہاب زہری نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ضلع خضدار میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سہولیات کی توسیع، بالخصوص تعلیمی اداروں کو جدید کمیونیکیشن نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے پی ٹی سی ایل حکام کو ہدایت کی کہ فلش فائبر آپٹک کی سہولت کو جھالاوان میڈیکل کالج خضدار تک فوری طور پر پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے طلبا کو ریسرچ، آن لائن لائبریری اور بین الاقوامی میڈیکل جرنلز تک رسائی کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ ناگزیر ہے۔ اس کے علاوہ کالج کے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری اور آن لائن ریکارڈ کے نظام کو بھی اس سے فعال کیا جا سکے گا جس سے شفافیت اور تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی۔اس موقع پر جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے پرنسپل ڈاکٹر ارشاد و دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سہولت جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ میڈیکل کی تعلیم اب ڈیجیٹل ہو چکی ہے، اگر ہمارے طلباء کو تیز رفتار نیٹ میسر ہو تو وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید ریسرچ میں بھی اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل خضدار اعجاز احمد نے اس موقع پر بتایا کہ پی ٹی سی ایل نے خضدار شہر کے متعدد اہم مقامات کو پہلے ہی فلش فائبر سے منسلک کر دیا ہے۔ اس سے شہریوں اور اداروں کو ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ کی سہولت فراہم ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی سی ایل کا اگلا فیز گزگی چوک، کھٹان اور خضدار کے دیگر علاقوں پر مشتمل ہے۔ ان علاقوں میں بھی فلش فائبر کا نیٹ ورک بچھایا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جلد ہی جھالاوان میڈیکل کالج کو فلش فائبر سے منسلک کر کے طلباء اور اساتذہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔








