اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عدلیہ بحالی تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا، وزیراعظم محمد نواز شریف جے آئی ٹی میں جائیں گے اور ایک نئی تاریخ رقم کریں گے، عمران خان سپریم کورٹ کے خلاف بیان دے کر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، ان پر آئینی اداروں کی تضحیک کا الزام …
مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عدلیہ بحالی تحریک میں کلیدی کردار ادا کیا، وزیراعظم محمد نواز شریف جے آئی ٹی میں جائیں گے اور ایک نئی تاریخ رقم کریں گے، عمران خان سپریم کورٹ کے خلاف بیان دے کر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، ان پر آئینی اداروں کی تضحیک کا الزام ہے، جے آئی ٹی پر تحفظات کے حوالہ سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) ہر قسم کے احتساب کیلئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے اس وقت پیش کر دیا تھا جب ابھی سپریم کورٹ نے نوٹس بھی نہیں لیا تھا اور خود وزیراعظم نے ان معاملات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کبھی احتساب سے بھاگی نہیں بلکہ آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے اور عدلیہ بحالی میں مسلم لیگ (ن) کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حسین نواز کی تصویر لیک کی گئی اور دیگر ایسے ہی معاملات تھے جن پر ہم نے تحفظات کا اظہار کیا اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے خلاف بیان دے کر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں‘ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن آئینی ادارے ہیں ان کے فیصلوں کے خلاف بات توہین عدالت ہوتی ہے اور عمران خان نے آج پھر سپریم کورٹ پر بڑی تہمت لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شروع دن سے ہی ضدی بچے کی طرح سیاست کر رہے ہیں۔








