مسلم ورلڈ لیگ کے زیر اہتمام پاکستانی علما کے ساتھ دوسرا مشاورتی اجلاس

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):مسلم ورلڈ لیگ کے زیر اہتمام پاکستانی علما کے ساتھ دوسرا مشاورتی اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کا موضوع "موقف کی ہم آہنگی اور اتحاد" تھا ۔ اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان کے ممتاز مذہبی رہنماؤں، علما اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی جن میں سعودی مہمان رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شیخ عبد الکریم العیسی، امیر جمعیت علمائے …

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):مسلم ورلڈ لیگ کے زیر اہتمام پاکستانی علما کے ساتھ دوسرا مشاورتی اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کا موضوع "موقف کی ہم آہنگی اور اتحاد” تھا ۔ اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان کے ممتاز مذہبی رہنماؤں، علما اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی جن میں سعودی مہمان رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شیخ عبد الکریم العیسی، امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان، علامہ راغب نعیمی، حافظ طاہر اشرفی اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر مشترکہ موقف اختیار کرنا اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج امت مسلمہ کے اتحاد کی جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، اسلام نے ہمیشہ اعتدال، حکمت اور ہم آہنگی کا درس دیا ہے اور بین المسالک و بین المذاہب روابط کو مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ اور دیگر مسلم ممالک نے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، امید ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل امن اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر منتج ہوگی جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہئے۔ اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم بن عیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لئے باعث فخر ہے، پاکستان امت مسلمہ کا اہم ملک ہے جس نے ہمیشہ اسلامی ممالک کے اتحاد اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت اور اعتماد پر مبنی ہیں، حالیہ تاریخی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے جو مسلم ممالک کے مابین مزید قربت اور تعاون کا باعث بنے گا۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مسلم ورلڈ لیگ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے یہ سعادت کی بات ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں شریک ہیں جو عالم اسلام کی یکجہتی اور اتحاد کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کو پاکستان میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ یہ تنظیم امت مسلمہ کے اتحاد اور امن کے فروغ کے لئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ اس کا حالیہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب دنیا عدم برداشت کا شکار ہے، دینی قیادت پر لازم ہے کہ وہ اسلام کا مثبت اور اعتدال پسند چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرے، مسلم ورلڈ لیگ امت مسلمہ کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے

اور پاکستانی علما کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہمیں ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کے ذریعے انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ دنیا کو اسلام کا اصل پرامن اور انسان دوست چہرہ دکھایا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم بن العیسی کا پاکستان آمد اور رہنمائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کے لئے دعا کی۔