مشرقِ وسطیٰ تنازع ،سنگاپور میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ

سنگاپور ۔12مارچ (اے پی پی):سنگاپور کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آنے والے مہینوں میں ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔شنہوا کے مطابق وزارتِ تجارت و صنعت میں توانائی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے نگران وزیر تان سی لینگ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے …

سنگاپور ۔12مارچ (اے پی پی):سنگاپور کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آنے والے مہینوں میں ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔شنہوا کے مطابق وزارتِ تجارت و صنعت میں توانائی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے نگران وزیر تان سی لینگ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی مہنگی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنگاپور اپنی تقریباً 95 فیصد بجلی پیدا کرنے کے لیے درآمدی قدرتی گیس پر انحصار کرتا ہے۔وزیر کے مطابق مشرقِ وسطیٰ دنیا کا ایک بڑا ایندھن پیدا کرنے والا خطہ ہے، اور اگر تنازع کے باعث آبنائے ہرمز بند ہو جاتی ہے تو عالمی سطح پر خام تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے قریبی مدت میں ایندھن کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنگاپور اپنی تقریباً نصف گیس علاقائی پائپ لائنز کے ذریعے حاصل کرتا ہے جو اس تنازع سے متاثر نہیں ہو رہیں۔ اس کے علاوہ ملک مختلف ذرائع سے ایل این جی بھی درآمد کرتا ہے اور صرف مشرقِ وسطیٰ پر انحصار نہیں کرتا۔حکومت نے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے گیس اور ڈیزل پر مشتمل ایندھن کا ذخیرہ بھی قائم کر رکھا ہے جسے گیس کی فراہمی میں شدید خلل کی صورت میں بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں استعمال کر سکتی ہیں۔تان سی لینگ نے کہا کہ توانائی مارکیٹ اتھارٹی نے بجلی گھروں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ ان کے ٹربائن گیس اور ڈیزل دونوں پر چلنے کے قابل ہوں، اور تمام بجلی گھروں کی باقاعدہ جانچ بھی کی جاتی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ فوری طور پر ڈیزل پر منتقل ہو سکیں۔انہوں نے عوام اور کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ بجلی کے استعمال میں بچت کریں اور توانائی بچانے والے آلات استعمال کریں تاکہ ممکنہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔