عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع سے متاثرہ ممالک کے صحت کے نظام کے لیے فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔
مشرق وسطیٰ تنازع سے متاثرہ ممالک کو صحت کے نظام میں فوری مدد کی ضرورت ہے،عالمی ادارہ صحت

مزید خبریں
جینوا۔4اپریل (اے پی پی):عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع سے متاثرہ ممالک کے صحت کے نظام کے لیے فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔شنہوا کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ لبنان، ایران، عراق، شام اور اردن کے صحت کے نظام شدید دباؤ کا شکار ہیں، کیونکہ گزشتہ ہفتوں میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارۂ صحت نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے بحران سے نمٹنے کے لیے 3 کروڑ 3 لاکھ امریکی ڈالر کی ہنگامی اپیل جاری کی ہے، جس کا مقصد متاثرہ پانچ ممالک میں صحت کی سہولیات کو سہارا دینا ہے۔
یہ اپیل مارچ سے اگست 2026 کے عرصے پر محیط ہے، جس کے تحت بنیادی طبی خدمات اور ٹراما کیئر کو برقرار رکھنے، بیماریوں کی نگرانی اور ابتدائی انتباہی نظام کو مضبوط بنانے، بڑے پیمانے پر زخمیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور کیمیائی، حیاتیاتی، تابکاری اور جوہری ہنگامی حالات کے لیے تیاری کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق 31 مارچ تک مشرق وسطیٰ میں جاری جھڑپوں کے باعث 40 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ 3,300 سے زیادہ افراد جاں بحق اور 30,000 زخمی ہو چکے ہیں۔








