مشیر خزانہ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیرِ صدارت عالمی بینک کے وفد کے ساتھ اجلاس

مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت جمعہ کے روز عالمی بینک کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں توانائی

پشاور۔ 28 اگست (اے پی پی):مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت جمعہ کے روز عالمی بینک کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ڈیجیٹل شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں شراکت داری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ‘خیبرپختونخوا ڈیٹا سینٹر’ انفراسٹرکچر کے قیام پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے صوبے کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور اس شعبے کو درپیش موجودہ تکنیکی و ادارہ جاتی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمتِ عملیوں پر غور کیا۔توانائی کے انفراسٹرکچر کے حوالے سے، خیبر پختونخوا حکومت نے ورلڈ بینک وفد کو ہائیڈرو پاور جنریشن منصوبوں اور ٹرانسمیشن لائن نیٹ ورکس میں جاری سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔

بتایا گیا کہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے لیے ایک مخصوص خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی قائم کی جا چکی ہے۔ صوبائی حکومت نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان ٹرانسمیشن نیٹ ورکس کے ذریعے گرین و قابلِ تجدید توانائی کو صنعتی ترقی اور دیگر ترقیاتی ضروریات کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور مستقبل میں ڈیجیٹل و اقتصادی ترقی کے لیے پورے صوبے میں توانائی کے وسائل کو بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ورلڈ بینک وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں صوبے کی عمدہ کارکردگی کا نمایاں ذکر کیا۔اجلاس میں عالمی بینک اور خیبر پختونخوا حکومت پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ تکنیکی اور دیگر امور کا جائزہ لیا جا سکے۔