سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل چور گینگ کے دو ارکان گرفتار، چار موٹر سائیکلیں برآمد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چار چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد انس ولد محمد اکرم سکنہ کاہلووالی اور طاہر ولد محمد نسیم سکنہ پکا گڑھا کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر گنجان آباد علاقوں اور بازاروں میں کھڑی موٹر سائیکلوں کے تالے توڑ کر انہیں چوری کرتے تھے۔ پولیس ٹیم نے سیف سٹی کیمروں اور انسانی معلوماتی ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید مسروقہ موٹر سائیکلوں یا دیگر سامان کی برآمدگی متوقع ہے۔
سیالکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔








