وفاقی وزیر اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون کی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات

وفاقی وزیر اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون کی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے حالیہ دورۂ برطانیہ و یورپ اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق رانا محمد قاسم نون نے حمزہ شہباز کو برطانیہ اور یورپ کے دورے کے دوران اہم شخصیات اور متعلقہ حلقوں سے ہونے والی اپنی ملاقاتوں اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اور کشمیری برادریوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے حمزہ شہباز کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز کو بین الاقوامی فورمز پر مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔حمزہ شہباز نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے قاسم نون کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔ملاقات کے اختتام پر قاسم نون نے حمزہ شہباز کو گلدستہ، یادگاری شیلڈ اور کشمیری ثقافتی چادر پیش کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، رانا مجاہد اور کاشف عبید بھی موجود تھے۔