مشیر کھیل تاج محمد ترند کا حیات آباد سپورٹس، کمپلیکس اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ، کھلاڑوں کے لئے دستیاب سہولیات پراطمینان کا اظہار

پشاور۔ 07 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر کے ہمراہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی نے مشیر وزیراعلیٰ کو اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مشیر کو سکواش کورٹ، مارشل آرٹس، تائیکوانڈو ہال، سوئمنگ پول، …

پشاور۔ 07 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر کے ہمراہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر سپورٹس کمپلیکس عابد آفریدی نے مشیر وزیراعلیٰ کو اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مشیر کو سکواش کورٹ، مارشل آرٹس، تائیکوانڈو ہال، سوئمنگ پول، خواتین کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ جم، جمناسٹک ہال اور دیگر سہولیات کا معائنہ کرایا ایڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ خواتین کے لیے 20 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید جم تعمیر کیا گیا ہے جس میں خواتین ٹرینرز تعینات کی گئی ہیں

جبکہ واکنگ ٹریک کو بھی ازسرنو تعمیر کیا جائے گا،مشیر کھیل تاج محمد ترند نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت مردوں اور خواتین دونوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ہیں جنہوں نے مختلف قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کیاہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تربیت نوجوان کھلاڑیوں اور ان کے کوچز سے ملاقات کی۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کرکٹ گراؤنڈ میں باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

مزید خبریں