مصرمیں سماع فیسٹول اختتام پذیر، پاکستانی قوالوں کے فن کے مظاہرے اور خوبصورت گائیکی نے حاضرین کے دل جیت لئے

69
سماع فیسٹول

قاہرہ ۔29ستمبر (اے پی پی):مصر میں منعقدہونے والے سماع انٹرنیشنل فیسٹول برائے روحانی موسیقی میں شرکت کرنے والے پاکستانی قوالوں کے فن کے مظاہرے اور خوبصورت گائیکی نے نہ صرف مصر بلکہ دنیا کے مختلف ممالک سے آئے وفود کے دل جیت لئے۔

سماع فیسٹول

مصرمیں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک ہفتہ تک جاری رہنے والا فیسٹول مصرکے وزیراعظم اوروزارت ثقافت کے زیراہتمام منعقد ہوا۔ 7روزتک جاری رہنے والے اس فیسٹول میں پاکستان سمیت 20 ممالک کے ثقافتی طائفے شریک تھے ۔فیسٹول میں پاکستان کی نمائندگی استادفریدایاز، ابومحمد اوربرادران نے کی۔

عیدمیلادالنبیﷺ کی مناسبت سے اختتامی تقریب میں پاکستانی قوالوں نے شاندارکارگردگی کامظاہرہ کیا اور اپنے فن اورمہارت سے حاضرین وسامعین کومحظوظ کیا اوران کے دل جیت لئے۔پاکستانی ثقافتی طائفے نے اپنے ایک ہفتہ کے دورہ کے دوران تین مختلف مقامات پرچھ باراپنے فن کامظاہرہ کیا، یہ کارگردگی مختلف ممالک اورثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے دیکھی اورپاکستانی قوالوں کو دل کھول کرداد دی،قوالی کا موضوع ‘پیغام امن’ تھا۔

واضح رہے کہ اس فیسٹول کے افتتاحی تقریب میں مصرمیں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے بھی شرکت کی تھی۔ شرکا میں مشرق وسطی، اورجنوب مشرقی ایشیا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ مصرکی وزارت ثقافت کے اعلی عہدیداروں اور قاہرہ میں مقیم غیرملکی سفارت کار بھی شامل تھے۔یہ فیسٹول ہرسال منعقد ہوتا ہے تاہم پاکستان نے چارسال کے وقفے کے بعداس میں شرکت کی۔ یہ فیسٹول ایک ایسے موقع پرمنعقدہوا جب پاکستان اورمصردونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منارہے ہیں۔