قاہرہ ۔12مارچ (اے پی پی):مصر کی وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق سے وابستہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایسٹرانومیکل اینڈ جیو فزیکل ریسرچ نے30 سے زیادہ ممالک میں30مارچ کو عید الفطرہونے کی پیش گوئی کر دی ہے ۔ العربیہ اردو کے مطابق انسٹی ٹیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ماہ شوال کا چاند ہفتہ کو29 رمضان 1446 ہجری اور 29 مارچ 2025 کی مناسبت سے قاہرہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے فوری بعد پیدا ہوجائے گا۔ اس دن قاہرہ میں یہ چاند غروب آفتاب کے بعد 11 منٹ تک رہے گا۔
مصرکے باقی گورنریٹس میں نیا چاند 9 سے 12 منٹ تک آسمان پر رہے گا۔انسٹی ٹیوٹ نے تصدیق کی کہ عرب اور اسلامی دارالحکومتوں اور شہروں کے لئے اس دن غروب آفتاب کے بعد نیا چاند 3 سے 19 منٹ کے درمیان موجود رہے گا۔ واضح رہے کہ ملائیشیا میں اس دن چاند غروب آفتاب سے 5 منٹ پہلے اور انڈونیشیا میں غروب آفتاب سے 7 منٹ پہلے ہی غروب ہو جائے گا۔انسٹی ٹیوٹ نے مصری شہروں کے نام شائع کئے جن میں تلاش کے دن چاند کے مراحل دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان میں قاہرہ، حلایب، سکندریہ، سوھاج اور مصر کے باقی گورنریٹس شامل ہیں۔
ادارے نے ان عرب اور غیر عرب دارالحکومتوں کے نام بھی بتائے جن میں شوال کا چاند 29 مارچ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ان شہروں میں نواكشوط، مراكش، فاس، لاغوس، الجزائر، تونس، طرابلس، ليبيا، خرطوم، مقدشيو، أنقرة، عمان، دمشق، جيزان، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، قدس شريف، بغداد، عدن، رياض، كويت سٹی، كيپ ٹاون، منامہ، تہران، دوحہ، ابوظہبی، دبئی، مسقط، کراچی، کوالا لمپور، جکارتا، برازیلیا، لیما، واشنگٹن، اوٹاوا، لندن اور ماسکو شامل ہیں۔ اس طرح ادارے نے وضاحت کی کہ 30 مارچ 2025 کو مذکور ہ علاقوں میں عید الفطر ہوسکتی ہے۔