مصر میں پاکستان کے سفارت خانے کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفارت خانے نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آرسی سی آئی) کے تعاون سے قاہرہ میں’’ پاکستان۔مصر کاروباری مواقع کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے …

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفارت خانے نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آرسی سی آئی) کے تعاون سے قاہرہ میں’’ پاکستان۔مصر کاروباری مواقع کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی جاری تقریبات کے موقع پر منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مصر کے پبلک بزنس سیکٹر کے وزیر انجینئر محمود عصمت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں مصری کمرشل سروسز کے سربراہ یحییٰ الوثیق بیلا احمد، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی برادری کے ارکان، چیمبرز آف کامرس آف مصر کے نمائندوں اور مصری تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے اس موقع پر خطاب میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کی کوششوں کو سراہا۔ یحییٰ الوثیق بیلا نے اس موقع پر فریقین کی زراعت، توانائی، ہائوسنگ، سیاحت، ٹیکسٹائل اور خوراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی باہمی خواہش کا ذکر کیا۔ مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال، نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر مصری حکومت اور چیمبرز آف کامرس کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے ذریعے برادر ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے سفیر نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں پاکستانی اور مصری کمپنیوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مکمل امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے دونوں حکومتوں کے جاری میکانزم اور باہمی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

آرسی سی آئی کے صدر ثاقب رفیق، کانفرنس کے انعقاد کے لیے کمیٹی کے چیئرمین شہریز ملک اور آرسی سی آئی کے گروپ لیڈر سہیل الطاف نے حاضرین کو آرسی سی آئی اور نجی شعبے کے پاکستان کی دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھانے میں کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان کے مختلف کاروباری شعبوں کے 150 سے زائد مندوبین کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے لوگ مصر کو کتنی اہمیت دیتے ہیں، یہ حکومت پاکستان کی طرف سے افریقہ کو دی جانے والی ترجیح اور مصر کے ساتھ تجارتی روابط استوار کرنے کے شاندار امکانات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

دونوں ملکوں کی کمپنیوں نے تعلیم، سیاحت اور خوراک کے شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کیے۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس سیشنز کے دوران باہمی تجارت کو فروغ دینے اور تعاون کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس ایک شاندار ایوارڈ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں پاکستان میں گزشتہ سال کے دوران کاروبار میں اعلیٰ کارکردگی اور پاکستان میں کاروبار کرنے والے مصری سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔