معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کاروباری حضرات بغیر خوف کے کاروبار کریں، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد

کراچی۔ 17 جنوری (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے تاجر رہنمائوں اور کاروباری برادری کے رہنمائوں سے ملاقات میں کاروبار کے لیے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کاروباری رہنمائوں نے چیئرمین نیب کے ساتھ معاشی …

کراچی۔ 17 جنوری (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے تاجر رہنمائوں اور کاروباری برادری کے رہنمائوں سے ملاقات میں کاروبار کے لیے حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کاروباری رہنمائوں نے چیئرمین نیب کے ساتھ معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور قوم کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے حوالے سے اہم بات چیت کی۔

انہوں نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کے لیے کئی تجاویز پیش کیں۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ تاجر برادری کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ نیب انہیں ہراساں نہیں کرے گا اور وہ ملک کی ترقی میں کھل کر اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملک کی معاشی ترقی کے متعلق سرگرمیوں پر پوری توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور بغیر کسی خوف کے کاروبار کرنا چاہیے جس سے کاروباری حضرات اور ملک کا فائدہ ہو۔

چیئرمین نیب نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی کی سرگرمیوں کو انتہائی اہمیت دی جائے گی اور انہیں غیر ضروری دبائو اور دھمکیوں سے محفوظ رکھا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کاروباری برادری ہماری معیشت کا بنیادی مرکز ہونے کے ناطے اسے وہ عزت اور مقام دیا جانا چاہیے جس کی وہ حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب تمام تاجروں کے ساتھ انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ پیش آئے گا اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔

کاروباری رہنمائوں نے کاروباری برادری اور نیب کے درمیان ایک بہتر اور پائیدار باہم بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ مثبت جواب دیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سیل ابتدائی طور پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا جس میں تاجر برادری کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ کاروباری برادری کی بہتر ہم آہنگی اور سہولت ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ شراکتی احتساب پر یقین رکھتے ہیں اس لیے تاجروں کے خلاف عام شکایات کو فوری حل/اصلاح اور قانون کے مطابق ضروری کارروائی کے لیے پہلے سہولت سیل کو بھیجا جائے گا۔چیئرمین نیب نے تاجر برادری کو نیب میں اپنی اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کی تصدیق اور انکوائری کے عمل کے دوران کسی بھی تاجر کو میڈیا ٹرائل کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرضی ناموں یا گمنام سے لکھی گئی شکایات پر نیب اب سے غور نہیں کرے گا۔

انکوائری کے دوران تاجروں کو مدعا کے طور پر مخاطب کیا جائے گا اور ان کی رازداری کو یقینی بنایا جائے گا۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نیب مختلف بزنس فورمز پر باقاعدگی سے سیمینارز کا انعقاد کرے گا تاکہ کاروباری برادری کو نیب کے مقاصد، آپریشنز اور بہتر سہولت کاری کے فریم ورک سے آگاہ کیا جا سکے اور نیب قانون کے تحت ان کے حقوق کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا سکے۔

معاشی فیصلہ سازی کو تقویت دینے کے لیے ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی جاوید اکبر ریاض نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کے خلاف زیر التوا تمام مقدمات کو جلد مکمل کیا جائے گا اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں گی۔ممتاز تاجر عقیل کریم ڈھیدھی، عارف حبیب، بشیر جان محمد، حبیب اللہ، عاطف اکرام شیخ، زبیر موتی والا، احمد چنائے اور تاجر برادری کی دیگر شخصیات نے ملاقات میں شرکت کی۔