معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت آٹو سیکٹر پالیسی اور بجٹ تجاویز بارے اجلاس

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت آٹو سیکٹر پالیسی اور بجٹ تجاویز بارے اجلاس

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) اور پاما کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں آٹو سیکٹر پالیسی اور بجٹ تجاویز کی تیاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے ساتھ مجوزہ ڈیوٹیز اور آئندہ آٹو پالیسی کے خدوخال پر جامع مشاورت کی گئی۔

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام بجٹ تجاویز اتفاقِ رائے سے حتمی شکل دی جائیں گی تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو پالیسی سازی میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری صنعت و پیداوار اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) آٹو سیکٹر کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے جامع اور مؤثر بجٹ تجاویز کی تیاری کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق مقامی سطح پر تیار ہونے والے آٹو پارٹس کو تحفظ فراہم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پارٹس جو آئندہ پانچ سال میں مقامی طور پر تیار کیے جا سکتے ہیں، انہیں بھی اسی نوعیت کے تحفظ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔معاونِ خصوصی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اس پالیسی کا بنیادی مقصد مقامی صنعت کو مضبوط بنانا اور ملکی مینوفیکچررز کو بااختیار بنانا ہے، تاکہ پاکستان کی صنعتی بنیاد کو مستحکم کیا جا سکے اور درآمدات پر انحصار کم ہو۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار، سی ای او ای ڈی بی، ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں