اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص آئینی حدود سے تجاوز کرتا ہے یا قانون کی حدود سے باہر جاتا ہے تو اس شخص کے حوالے سے قانون حرکت میں آتا ہے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حکومت خصوصی عدالت کے جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل …
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اے پی پی ہیڈکوارٹرز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص آئینی حدود سے تجاوز کرتا ہے یا قانون کی حدود سے باہر جاتا ہے تو اس شخص کے حوالے سے قانون حرکت میں آتا ہے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حکومت خصوصی عدالت کے جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے جا رہی ہے، وفاقی حکومت اداروں کو اپنے آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کے لئے سہولت کاری فراہم کرتی رہے گی، پاکستان کسی قسم کی افراتفری ،قیاس آرائی ،مبالغہ آرائی یا عالمی سطح پر کسی منفی تاثر کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کی سرحدی صورتحال اور اندرونی بحران کی صورتحال ایک ہی ڈیزائن کا حصہ ہے۔ وہ قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) ہیڈکوارٹرز میں مسیحی ملازمین کی جانب سے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان ، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی طارق محمود خان ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر غواص خان ، اے پی پی کی انتظامیہ ،یونین کے عہدیداران اور مسیحی ملازمین کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بیرونی مخالف قوتیں اپنے بیانیے کے ساتھ مختلف چور دروازوں سے پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے کوشاں رہتی ہیں، دہشت گردی کے محاذ پر پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے لہو سے امن کے دیئے جلاتے ہوئے ملک دشمن قوتوں کو شکست دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشی محاذ پر بھی پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ملکی معیشت کو بہتر بنایا اور پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے کرایا ،پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے ،پاکستان کو بہت سے علاقائی ایشوز اور چیلنجز تھے اس میں بھی ایف اے ٹی ایف میں بھارت پاکستان کو بلیک اکانومی قرار دلوانے کے لئے متحرک تھا، ہمارے وجود کا ایک اہم حصہ مقبوضہ کشمیر پر جو زخم لگا کر اسے داغدار اور پاکستان کے دفاعی حصار کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی،ان سازشوں کا بھی مقابلہ ہورہا ہے ،ہر محاذ پر سیاسی اور عسکری قیادت کندھے سے کندھا ملاکر آگے بڑھ رہی ہے، ایسی صورتحال میں ایسا فیصلہ جو قانون اور آئین سے بھی متصادم ہے جس میں ایک ایسا پیرا ڈال دیا گیا جس کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں اور نہ ہی شریعت میں ایسی کوئی اجازت ہے ،پرویزمشرف کے خلاف فیصلے میں استعمال کی جانے والی زبان اقدار کے منافی ہے،قانون اور مذہب لاش کی بے حرمتی کی قطعی اجازت نہیں دیتے، اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ غصہ دلانے اورافواج پاکستان کے حوصلے پست کرنے کی ایک دانستہ کوشش دکھائی دیتی ہے، حکومت پاکستان او وزیراعظم وفاق کے تمام اداروں کے نمائندہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانے اور اداروں میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں کلیدی کردار کے حامل ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مسیحی برادری کی خوشیوں کو بانٹنا پاکستان کے ساتھ لازوال خدمت کا اعتراف ہے ،وزیراعظم نے ہمیشہ پاکستان میں قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہی واحد مذہب ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا درس دیتا ہے ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان میں بسنے والے تمام افراد کو مذہب ،زبان ،رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر تمام حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی تھی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آئین کے تحت یکساں حقوق کی پاسداری اور مساوی حقوق یقینی بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں سمیت تمام اقلیتوں کا پاسپورٹ ایک ہے ،حکومت ان کے مذاہب کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اداکرتی رہے گی ۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبو کیلئے کوشاں ہیں ،ملکی ترقی و استحکام میں اقلیتی برادری کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلام کا روشن چہرہ و تشخص اجاگرکرنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمرا ن خان کی زیرقیادت ملکی ترقی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ضرور ہوگا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کرسمس کے موقع پر اے پی پی کے مسیحی ملازمین کو بونس دینے کا اعلان کیا ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت میں ہوتے ہوئے ہمیشہ مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لئے آواز بلند کی ،ہماری کوششوں سے وفاقی دارالحکومت میں مسیحی جوڑوں کے نکاح ناموں کی رجسٹریشن اور تدفین کے دیرینہ مسائل حل ہو چکے ہیں ،آئندہ بھی مسیحی برادری کی فلاح و بہبود اور مسائل حل کرنے کے لئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان نے تمام مسیحی برادری بالخصوص اے پی پی میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کو کرسمس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت ،امن اور خوشی کا موقع ہے۔








