معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم کے جی نائن مرکز میں یوٹیلیٹی سٹورز کے دورہ کے موقع پر ”اے پی پی“ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے اشیاءکی سستے داموں فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کو عوام کیلئے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی استحکام کے بعد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ریلیف پیکیج …

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے اشیاءکی سستے داموں فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کو عوام کیلئے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی استحکام کے بعد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ریلیف پیکیج سے کم آمدنی والے طبقات کو مہنگائی سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم کے جی نائن مرکز میں یوٹیلیٹی سٹورز کے دورہ کے موقع پر ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ اقتصادی شعبہ میں بہتری کے بعد وہ غریب افراد کو ریلیف فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلیف پیکیج وزیراعظم کے وژن کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے، چینی، گھی، چاول اور دالوں سمیت بنیادی اور روزمرہ کی بنیادی اشیاءملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی ملیں گی اور اس سے کم آمدنی والے طبقات کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریلیف پیکیج عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کی طرف پہلا قدم ہے اور حکومت مستقبل میں بھی لوگوں کو اسی طرح اقتصادی فوائد پہنچاتی رہے گی۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عام آدمی کو ضروری اشیاءکی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے، غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور انہیں مہنگائی سے بچانا وزیراعظم عمران خان کی ترجیح ہے۔ چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ اس ریلیف پیکیج کی وجہ سے عوام عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز سے بنیادی ضرورت کی اشیاء10 سے 30 فیصد سستی حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق افراد کیلئے راشن کارڈز سکیم بھی اگلے ماہ شروع کی جائے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں آٹے سمیت معیاری اشیاءملک بھر میں صارفین کو سستے داموں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔